پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگے حکومت نے قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن وزارت خزانہ نے جاری کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے اور نئی قیمتیں آئندہ پندرہ روز کے لیے مؤثر ہوں گی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جو اس سے قبل 262 روپے 59 پیسے تھی۔
پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جو اس سے قبل 258 روپے 43 پیسے تھی۔
وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی قیمتوں میں 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر کاربن لیوی بھی شامل کر دی گئی ہے، جو مجموعی قیمت میں اضافے کی ایک اور بڑی وجہ بنی ہے۔